ملائیشیائی شہریت حاصل کرنے ذاکر نائیک کی کوشش !

نئی دہلی ۔ 30 مئی (سیاست ڈاٹ کام) متنازعہ اسلامی مبلغ ذاکر نائیک کو سعودی عرب کی شہریت دینے سے متعلق بعض گوشوں میں گشت کرنے والی اطلاعات کے درمیان سرکردہ تحقیقاتی ادارہ نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کے ذرائع نے کہا ہیکہ متنازعہ عالم دین جو اس ادارہ کو شدت سے مطلوب ہیں، ملائیشیاء میں شہریت کے لئے درخواست دی ہے۔ این آئی اے کے ذرائع نے کہا کہ اس کی درخواست پر انٹرپول کی طرف سے جاری کردہ ریڈ کارنر نوٹس کے پیش نظر نائیک کے خلاف بین الاقوامی وارنٹ جاری کیا گیا تھا اور وہ اپنی گرفتاری سے بچنے کیلئے وقفہ وقفہ سے ٹھکانے بدلتے رہے ہیں۔ باور کیا جاتا ہیکہ ذاکر نائیک کو ملائیشیاء میں مستقل ساکن (پرمننٹ ریسیڈنس) کا موقف حاصل ہے اور اب وہ شہریت کے حصول کی کوشش کررہے ہیں لیکن ملائیشیائی حکام نے ان کی درخواست پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔ ذاکر نائیک پر مختلف مذاہب کے درمیان مخاصمت و نفرت پیدا کرنے کا الزام ہے۔ مرکزی حکومت ان کے ٹیلیویژن چینل ’’یپس ٹی وی‘‘ کو پہلے ہی بند کرچکی ہے اور ان کی تنظیم پر امتناع عائد کیا جاچکا ہے۔ این آئی اے نے دعویٰ کیا ہیکہ دوران تحقیقات ذاکر نائیک کی جائیدادوں کا پتہ چلا ہے جن کی مالیت 100 کروڑ روپئے سے زائد ہے۔