ملائیشیائی جیٹ طیارہ کے ملبہ سے بلیک باکسس دستیاب

کوا لا لمپور/ کیف 18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )روس حامی باغیوں نے آج کہا کہ انہیں ملائیشیائی طیارہ کے ملبہ سے جسے مشرقی یوکرین میں میزائیل حملے سے گرا دیا گیا تھا ،بلیک باکسس دستیاب ہوئے ۔ روسی خبر رساں ادارہ انٹر فیاکس نے کہا کہ روس حامی باغیوں نے بلیک باکس دستیاب ہونے کا دعوی کیا ہے ۔ حکومت یوکرین اور باغیوں نے ملک کے مشرق میں طیارہ کو مار گرانے کے ایک دوسرے پر الزام عائد کئے ہیں۔ اس طیارہ میں مسافرین اور ارکان عملہ سمیت 298 افراد سوار تھے جو تمام کے تمام ہلاک ہوگئے ۔ روسی وزارت دفاع نے کہا کہ اس نے راڈار پر یوکرین سے کنٹرول کئے جانے والے بک میزائیل سسٹم کا ریکارڈ حاصل کیا ہے ۔

عالمی تنظیم صحت کا کہنا ہے کہ اس کے ترجمان گلن تھامس بھی طیارہ میں سوار تھے اور بیسویں بین الاقوامی ایڈس کانفرنس میں شرکت کرنے آسٹریلیا جارہے ہیں جس کا اتوار سے آغاز ہونے والا ہے ۔ سابق صدر بین الاقوامی ایڈس سوسائٹی اور ایچ آئی وی کے بارے میں تحقیق کرنے والے نیدر لینڈس کے مشہور محقق جو ایپ لانج بھی طیارہ کے مسافرین میں شامل تھے۔ حکومت نے ملائیشیاء نے ایک خصوصی پرواز کیف روانہ کی ہے جس میں ملائیشیاء کی آفات سماوی کی صورت میں امداد اور بچاو ٹیم سوار ہے ۔ اس کے علاوہ ایک طبی ٹیم بھی روانہ کی گئی ہے ۔ وزیر اعظم ملائیشیاء نجیب رزاق نے ایک پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ یوکرینی عہدیداروں کا خیال ہے کہ طیارہ کو روس حامی باغیوں نے مار گرایا تھا اور ملائیشیاء فی الحال اس کی توثیق کرنے سے قاصر ہے ۔ ملائیشیا ایر لائنس کے ذرائع کے بموجب طیارہ روسی فضائی حدود میں داخل نہیں ہوا تھا لیکن اسے میزائیل حملے سے مار گرایا گیا ۔