ملائیشیاء :انسداد دہشت گردی بل پارلیمنٹ میں منظور

کوالا لمپور 7 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )ملائیشیاء کی پارلیمنٹ نے آج ایک انتہائی سخت انسداد دہشت گردی بل کو منظور کرلیا کیونکہ انتہا پسند گروپس جیسے دولت اسلامیہ کی جانب سے ملک کو مسلسل خطروں کا سامنا ہے جبکہ ملک کی اپوزیشن کے اس بل کی منظوری کو مسلم اکثریت والے ملک میں شہری حقوق پر ایک کاری ضرب سے تعمیر کیا ۔ بل کی منظوری کیلئے 15 گھنٹوں تک طویل مباحثہ ہوتا رہا اور بالآخر بل کی تائید میں 79 ووٹس حاصل ہوئے اور 60 ووٹس بل کی مخالفت میں پڑے ۔ اس بل کے قانون بننے کے بعد کسی بھی مشتبہ فرد پر بغیر مقدمہ چلائے اسے محروس رکھا جاسکے گا ۔ اس طرح جو لوگ دہشت گردانہ کارروائیو ںمیں ملوث ہیں انہیں غیر معینہ مدت تک جیل میں محروس کرتے ہوئے ان کی حرکات و سکنات کو بھی محدود کردیا جائے گا ۔ اس موقع پر حکمراں جماعت باریسان نیشنل ( بی این ) اتحاد نے اس بل کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا کیونکہ ملک کو عسکریت پسند تنظیموں سے لاحق خطرات سے نمٹنے کی سخت ضرورت ہے جبکہ اپوزیشن ارکان نے بل کی کچھ شقوں کو انسانی حقوق اور شہری آزادی کے مغائر قرار دیا جس کا موازانہ انہوں نے سخت گیر انٹر نل سکیوریٹی ایکٹ سے کیا جسے 2012 ء میں کالعدم قرار دیا گیا تھا ۔