اٹاوہ’ 29مارچ (یو این آئی) ہر پل بدلتے بیانات سے لوگوں کو حیرت زدہ کرنے والے سماج وادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو نے لوک سبھا الیکشن کے مدنظر آج اپنے چھوٹے بھائی اور پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے صدر شیو پال سنگھ یادو سے دوری بنانے کے اشارے دئے ۔سول لائنس پر واقع اپنی رہائش گاہ پر آج نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر ملائم سنگھ نے کہا کہ پی ایس پی بنانے والے بھائی شیو پال سے ان کا کوئی مطلب نہیں ہے کیوں کہ جہاں شیو پال نے اپنے امیدواروں کو اتارا ہے وہیں سے وہ خود انتخابی میدان میں ہیں۔ بی ایس پی امیدواروں کے انتخابی مہم کے لئے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں سماج وادی پارٹی کے سرپرست نے کہا کہ ‘‘ کون کہاں کس کے لئے انتخابی مہم چلانے جائے گا یہ تو پتہ نہیں کیوں کہ میں خود بھی الیکشن لڑ رہا ہوں۔ میں کیوں فکر کروں کہ کون شیو پال کی ریلی میں جاتا ہے کون نہیں ۔ ریلیاں تو ہوتی رہتی ہیں۔اگر کسی کو دعا دینی ہے تو مجھے دے میں بھی تو الیکشن لڑ رہا ہوں‘‘۔