ملائم سنگھ نے باغی بیٹے اکھیلیش اور رام گوپال کو ایس پی سے خارج کردیا

لکھنؤ ۔ 30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)  سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو نے اپنے فرزند چیف منسٹر اکھلیش یادو اور پارٹی کے جنرل سکریٹری رام گوپال یادو کو 6 سال کیلئے پارٹی سے خارج کردیا ۔ جبکہ سرکاری امیدواروں کے مقابلہ میں دیگر امیدواروں کی فہرست جاری کردی گئی ۔ انہوں نے اتوار کے
دن پارٹی کا ایک اجلاس طلب کیا ۔ ملائم سنگھ کے باغی چچا زاد بھائی رام گوپال نے اس اقدام کو ’’غیر دستوری‘‘ قرار دیا ۔ جبکہ پارٹی عدیم المثال بحران کا شکار ہوگئی ۔ یو پی کے چیف منسٹر کے حشر کے بارے میں سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ۔ تیز رفتار تبدیلیوں کے دوران
اکھلیش یادو کے خامیوں خاص طور پر نوجوانوں کا ایک ہجوم ان کی تائید ظاہر کرنے کیلئے اکھلیش کی قیامگاہ پر جمع ہوگیا ۔ ملائم سنگھ یادو نے دونوں کے اخراج کا ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا اور کہا میں ایک چیف منسٹر کا انتخاب سماج وادی پارٹی کرے گی ۔ چیف منسٹر اور شیوپال یادو کے درمیان صف آرائی جاری تھی ۔ پریس کانفرنس کے دوران شیوپال یادو اپنے بھائی ملائم سنگھ کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پارٹی کو بچانا ہے پارٹی ہماری اولین ترجیح ہے ۔ اسی وجہ اکھلیش اور رام گوپال کو خارج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ سرکاری امیدواروں کے مقابلے میں متوازی امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کے بعد یہ اقدام کیا گیا ہے  ۔ رام گوپال کے اتوار کو ہنگامی اجلاس طلب کرنے کے بارے میں ملائم سنگھ نے کہا کہ ایسا اختیار صرف پارٹی کے صدر کو حاصل ہے ۔ ملائم سنگھ نے کہا کہ رام گوپال نے اکھلیش یادو کا کیرئیر تباہ اور ختم کردیا ہے لیکن وہ اس بات کو نہیں سمجھ سکتے ۔ معذرت خواہی پر اپنے فرزند کو معاف کردینے کے بارے میں سوال کا جواب دینے سے ملائم سنگھ نے گریز کیا ۔ اکھلیش یادو کی جگہ دوسرے چیف منسٹر کے انتخاب کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہ صورت دیگر یو پی میں گورنر راج ناگزیر ہوجائے گا ۔

 

اکھلیش کی قیامگاہ کے باہر جمع ہجوم بے چین ہوگیا تھا ۔ اکھلیش نے کہا کہ کل صبح 9.30 بجے دن وہ پارٹی ارکان اسمبلی سے ملاقات کریں گے ۔ پارٹی کارکنوں ، قائدین اور اپنے حامیوں سے 12 بجے دن ملاقات کریں گے ۔ دریں اثناء نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب بی جے پی کے قومی سکریٹری سریکانت شرما نے پوچھا کہ 2012ء کے اسمبلی انتخابات کے بعد انہوں نے اکھلیش یادو کو بحیثیت چیف منسٹر یو پی پر مسلط کیوں کیا تھا جنہیں وہ آج غدار کہہ رہے ہیں ۔ انہیں اس سوال کا جواب دینا چاہئیے ۔

 
یو پی : بس حادثہ میں 10 افراد ہلاک
سیتا پور ۔ /30 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)  سیتا پور سے قریب ایک پرہجوم بس نہر شاردا میں گر پڑی ۔ جس کی وجہ سے کم از کم 10 افراد بشمول دو خواتین ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے ۔ یہ واقعہ لے ہرپور ۔ بسوا روڈ پر پیش آیا ۔ بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی تھی ۔ مقامی افراد مدد کیلئے دوڑ پڑے اور پولیس و راحت رسانی عملہ کے پوچھنے سے پہلے کئی افراد کو بچالیا ۔ 10 افراد جن کی حالت نازک ہے دواخانہ زیرعلاج ہیں ۔