کوالالمپور،17مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملائشیائی پولیس نے گذشتہ شب سابق وزیراعظم نجیب رزاق کی رہا ئش گاہ پر چھاپہ مارا، 7گھنٹے تک گھر کی تلاشی لی گئی، جاتے ہوئے پولیس اہلکار واپسی میں کئی ڈبے اپنے ساتھ لے گئے۔ نجیب رزاق کے وکیل کے مطابق پولیس نے سابق وزیر اعظم کے مکان کی 7گھنٹے تک تلاشی لی،اس دوران کوئی دستاویزات ضبط نہیں کی گئی۔ پولیس حکام ذاتی استعمال کی کچھ اشیاء کے ڈبے اپنے ساتھ لے گئے ،جبکہ اس دوران پولیس کی درجنوں گاڑیاں نجیب رزاق کی رہائش گاہ کے باہر موجود تھیں۔مہاتر محمد نے اشارہ دیا تھا کہ اگر غیرقانونی رقمی لین دین کے الزامات پر نجیب رزاق کے خلاف کوئی ثبوت ملا تو انہیں گرفتار کرلیا جائے گا۔واضح رہے کہ سابق ملائشیا وزیر اعظم نجیب رزاق اور ان کی اہلیہ پر ملک سے باہر جانے پر پابندی بھی عائد ہے ۔نجیب رزاق کے خلاف کرپشن کے کئی الزامات ہیں یہی مسئلے ان کی انتخابی شکست کی بڑی وجہ بن گئے ۔