مقننہ کمیٹی تلنگانہ برائے اقلیتی بہبود کا آج اجلاس

حیدرآباد ۔ 2 ۔  نومبر  (سیاست نیوز) تلنگانہ کی مقننہ کمیٹی برائے اقلیتی بہبود کا اجلاس کل 3 نومبر کو کمیٹی ہال اسمبلی بلڈنگ میں منعقد ہوگا۔ کمیٹی کے صدرنشین عامر شکیل رکن اسمبلی صدارت کریں گے۔ اجلاس کے ایجنڈہ میں سرکاری ، امدادی اور خانگی اردو میڈیم اسکولوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا شامل ہے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ میں موجودہ قاضیوں کیلئے علاقہ کے تعین تک نئے قاضیوں کے تقررات پر پابندی اور قاضی ایکٹ 1880 ء کے تحت قاضیوں کیلئے شرائط و ضوابط کا تعین جیسے امور ایجنڈہ میں شامل ہے ۔ اقلیتی بہبود کمیٹی نے اپنے حالیہ اجلاس میں اقلیتی ا قامتی اسکولس کی کارکردگی کا جائزہ لیا تھا۔ سکریٹری اسٹیٹ لیجسلیچر ڈاکٹر ایس راجہ سدارام نے اجلاس کا اعلامیہ جاری کیا ہے۔

 

غریب طلبہ محنت مزدوری پر مجبور
فیس باز ادائیگی اور اسکالر شپس
آخر کب ؟
حیدرآباد ۔ 2 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز) : سطح غربت سے نیچے زندگی گذارنے والے خاندانوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھنے کیلئے روزانہ اجرت پر مزدوری کرنے پر مجبور ہیں ۔ جب کہ ریاستی حکومت نے گذشتہ دو برس سے فیس باز ادائیگی اور اسکالر شپس کیلئے کوئی رقم جاری نہیں کی ہے ۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے طلبہ کو کام کرنے پر روزانہ تین سو روپئے ملتے ہیں لیکن روزانہ کام ملنا ضروری نہیں ہے طلبہ یہ محنت فیس ادا کرنے اور دوسرے تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کیلئے کررہے ہیں خاص کر اضلاع سے حیدرآباد آکر تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو روم کا کرایہ ادا کرنا بھی مشکل ہورہا ہے ۔۔