بیروت۔ 30 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) شام میں صدر بشارالاسد اور ان کی فوج نہتے شہریوں پر بیرل بم گرا کر انہیں وحشیانہ طریقے سے ہلاک کرنے میں پوری دنیا میں بدنام ہے ہی مگر اسد کے حمایتی ذرائع ابلاغ اور صحافی بھی اسدی فوج کے جرائم کی کوریج اور قتل عام پر خوشی کے اظہار کی وجہ سے بدنامی کی حد تک مشہور ہیں۔ شامی حکومت کے حامی ٹی وی چینلوں اور اخبارات سے وابستہ نامہ نگاروں کی خبریں ذرائع ابلاغ کی زینت بنتی رہتی ہیں۔ حال ہی میں شامی اپوزیشن نے اسدی فوج کے کچھ ایسے صحافیوں کی تصاویر انٹرنیٹ پر پوسٹ کی ہیں جنہیں مقتولین کے ساتھ سیلفی بناتے اور خوشی کا اظہار کرتے دکھایا گیا ہے۔شامی اپوزیشن کا کہنا ہے کہ نہتے شہریوں کے قتل کے بعد ان کی میتوں کے ساتھ سیلفی بنانے والے ’ننگ صحافت‘ عناصر اسدی فوج کے جرائم کی کوریج کرنے اور قوم پر مظالم کا سلسلہ دراز کرنے کا آلہ کار ہیں۔