ریاض ۔ 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مسجد حرام و مسجد نبوی کے نگران ادارے نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پرعمل درآمد کرتے ہوئے بیت اللہ میں مقام ابراہیم کے گرد نیا سنگ مرمر لگانے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ اس سے قبل خانہ کعبہ سے متصل الشازوان اور حجر اسود کے سنگ مرمر بھی تبدیل کر دیے گئے تھے۔ اخبار’مدینہ‘ کی رپورٹ کے مطابق مسجد حرام کے ڈپٹی سیکرٹری برائے سروسز مشہور بن محسن المنعمی نے ایک بیان میں بتایا کہ مقام ابراہیم کے سنگ مرمر کی تبدیلی کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ پرانے سنگ مرمر ہٹانے کے بعد ان کی جگہ جدید اور نایاب سنگ مرمر سے مقام ابراہیم کو سجا دیا گیا ہے۔