مقامی جماعت کے نمائندہ کارپوریٹر کارکنوں کے حملے میں زخمی

حیدرآباد۔ 16 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں قبل از وقت انتخابات کے اعلان کے بعد برسراقتدار پارٹی میں کارکنوں کے درمیان اختلافات منظر عام پر آنے لگے تھے کہ اب مقامی جماعت کے بھی کارکنوں کے درمیان تنازعات بھی پیدا ہونے لگے ہیں۔ ایسا ہی واقعہ آج بابا نگر میں اس وقت پیش آیا جب قائد مقننہ کے ایک پروگرام کے اختتام کے بعد جماعت کے 2 کارکن محسن اور خواجہ میں بحث و تکرار ہونے لگی جسے دیکھ کر وہاں کے نمائندہ کارپوریٹر نے مداخلت کی۔ نمائندہ کارپوریٹر کے سَر پر جماعت کے برہم کارکنوں نے اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ قائد مقننہ الجھن کا شکار ہوگئے اور زخمی نمائندہ کارپوریٹر کو اپنے پارٹی کے دواخانہ منتقل کروایا جہاں ان کے سَر میں ٹانکے دیئے گئے۔