پرانے شہر کے کارکنوں کو نظر انداز کرنے اعلیٰ قائدین پر الزام ، راشد شریف کا بیان
حیدرآباد۔9اکٹوبر(سیاست نیوز ) تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے سینئر لیڈر اور پارلیمانی حلقہ حیدرآباد انچارج راشد شریف نے پارٹی کے اعلی قائدین کو پرانے شہر میںٹی آر ایس پارٹی قائدین او رکارکنوں کو نظر انداز کرنے کا ذمہ دار ٹہرایا۔ انہوں نے کہاکہ بناء کسی مفاہمت کے گریٹر حیدرآباد بلدی انتخابات میں تنہا مقابلہ کرنے کے باوجود ٹی آر ایس پارٹی تیس سے زائد بلدی حلقوں میںدوسرے نمبر پر رہی او ردس سے زائد بلدی حلقہ جات میں شکست کا تناسب بہت ہی کم تھا۔حالانکہ بلدی انتخابات میں پارٹی کے اعلی قائدین اراکین پارلیمنٹ اور اسوقت کے ریاستی وزراء نے کسی بھی انتخابی مہم میںحصہ نہیںلیاباوجود اسکے پارٹی کا یہ موقف پرانے شہر میںسیاسی انقلاب کی پیشین گوئی سے کم نہیںہے۔پرانے شہر کے ٹی آر ایس بھون میںمیڈیاسے بات کرتے ہوئے راشد شریف نے کہاکہ ٹی آر ایس پارٹی کو کسی بھی سیاسی جماعت سے مفاہمت کی ضرورت نہیںہے۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ مقامی جماعت سے مفاہمت کا اعلان پرانے شہر کے ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں کے حوصلوں میں کم کررہا ہے۔ 2009کے بعد سے پرانے شہر میں پارٹی کا کافی مضبوط موقف ہوا ہے۔ حکومت کی فلاحی اسکیمات عوام کے گھروں تک پہنچے ہیں اور پرانے شہر کی عوام ٹی آر ایس کو ایک متبادل کے طور پر دیکھ رہی ہے ایسے میں پارٹی کا پرانے شہر کی مقامی جماعت سے اتحاد نے یہاں کے حالات کو تبدیل کردیاہے۔انہوں نے کہاکہ پرانے شہر کے پارٹی کارکنوں کو پارٹی سربراہ کے چندرشیکھر رائو سے ہٹ کر کسی پر بھی بھروسہ نہیںہے۔ انہو ںنے کہاکہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کی تشہیر کرنے پر مقامی جماعت اعتراض کرتی ہے اور پارٹی کارکنوں کو ہراساں کرنے کاکا م کیاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پرانے شہر کے لوگوں کی پارٹی میںشمولیت کا مقصد ہی مقامی جماعت سے مخالفت کا نتیجہ تھا جسکو پوری طرح پارٹی کے اعلی اقلیتی قائدین نے نظر انداز کردیا ہے۔ راشد شریف نے ٹی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر رائو سے مطالبہ کیاکہ وہ مقامی جماعت سے مفاہمت کے فیصلے پر نظر ثانی کریں کیونکہ نہ صرف پرانے شہر بلکہ پوری ریاست میں پارٹی کو کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ مفاہمت کی ضرورت نہیںہے۔ انہو ںنے کہاکہ پرانے شہر میںایک لاکھ سے زائد لوگوں نے پارٹی کی رکنیت حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مقامی جماعت سے دوری تک پرانے شہر کے ٹی آر ایس پارٹی کارکنوں کے ساتھ انصاف کی امیدنہیں کی جاسکے گی۔جناب سیدلئیق علی‘زین وارثی‘ محمد فضل اللہ‘ عادل ‘ سید علی‘ محمد فریس ‘ لکشمن‘ ایس وی چاری کے علاوہ دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔