مفرور پروفیسر کی گرفتاری کا مطالبہ سلسلے طلبہ یونین کا مظاہرہ

گیا، 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے گیا میں اچھے نمبر دینے کا لالچ دے کر طالبہ کو گھر پر بلانے والے پروفیسر وقار احمد کی گرفتاری کی مانگ کے سلسلے میں آج مختلف طلبہ تنظیموں نے گیا کالج میں احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ تعلیمی کام کاج مکمل طور پر ٹھپ کر دیا۔اکھل بھارتیہ ودیارتھی پریشد (اے بی وی پی)، جن ادھیکارپارٹی طلبہ کونسل سمیت دیگر طلبہ تنظیموں نے گیا کالج کے صدر دروازے پر مگدھ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور ضلع انتظامیہ کا پتلا پھونکا۔ ساتھ ہی جم کر نعرے بازی کی۔اس دوران اے بی وی پی کے ایک رکن نے کہا کہ 26 جولائی کو انگریزی شعبے کے پروفیسر وقار احمد نے گریجویٹ کی طالبہ کے ساتھ موبائیل پر فحش باتیں کی تھی۔ اس معاملے میں متاثرہ طالبہ نے ملزم پروفیسر کے خلاف رام پور تھانہ میں معاملہ بھی درج کرایا لیکن ضلع پولیس اب تک ملزم پروفیسر کوگرفتار کرنے میں ناکام رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مگدھ یونیورسٹی انتظامیہ نے بھی ابھی تک پروفیسر کے خلاف معطلی کی کارروائی نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر 24 گھنٹے کے اندر پروفیسر کی گرفتاری نہیں ہوتی ہے ، راج بھون کوچ کیا جائے گا۔