مفرور نیرؤ مودی کو حوالے کرنے برطانیہ سے اپیل

نئی دہلی 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے برطانیہ کے پاس درخواست ارسال کی ہے کہ مفرور جیویلر نیرؤ مودی جو پنجاب نیشنل بینک میں 2 بلین امریکی ڈالر والے اسکام کے سلسلہ میں ہندوستان کو مطلوب ہے، اُسے حوالے کردیا جائے۔ مملکتی وزیر اُمور خارجہ وی کے سنگھ نے یہ بھی کہاکہ مودی کے خلاف انٹرپول کی طرف سے دو ریڈ کارنر نوٹسیں بھی جاری کی گئی ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ وزارت اُمور داخلہ کی طرف سے وزیر اُمور خارجہ کو حوالگی کی درخواست وصول ہوئی جو برطانیہ (یوکے) میں موجود نیرؤ دیپک مودی کی حوالگی سے متعلق ہے۔ وی کے سنگھ نے گزشتہ روز راجیہ سبھا میں ایک سوال پر تحریری جواب میں بتایا کہ یہ درخواست خصوصی سفارتی تھیلے کے ذریعہ ہائی کمیشن آف انڈیا، لندن کو بھیجی گئی ہے تاکہ اُسے برطانوی حکام تک پہنچادیا جائے۔ مودی اور اُس کا انکل میہول چوکسی اِس اسکام میں کلیدی ملزمین ہیں، جو ہندوستان کا سب سے بڑا بینکنگ فراڈ ہے۔ یہ دونوں اِس فراڈ کی تفصیلات منظر عام پر آنے سے قبل 16 جنوری کو ہندوستان چھوڑ گئے۔ ابھی حال ہی میں یہ بات سامنے آئی کہ چوکسی نے قریبی جزیرہ اینٹیگا کی شہریت حاصل کرلی ہے لیکن مودی کے اتے پتے کے بارے میں کچھ واضح نہیں۔