مفرور لیڈر دیاشنکر بہار میں گرفتار

نئی دہلی ، 29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) یو پی کے بی جے پی سے برطرف لیڈر دیاشنکر سنگھ کو آج بہار کے ضلع بکسر سے گرفتار کیا گیا۔ صدر بی ایس پی مایاوتی کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز ریمارک کرنے کی پاداش میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کیا گیا تھا۔ تب سے وہ مفرور تھے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس اوپیندر کمار شرما نے بتایا کہ دیاشنکر سنگھ کو اترپردیش کی خصوصی ٹاسک فورس کی ٹیم نے گرفتار کرلیا ہے۔ ضلع پولیس کی مدد سے ان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ وہ چینی مل بستی کے ایک مکان میں روپوش تھے۔ بکسر سے 100 کیلو میٹر دور ہے اور یہ بہار و یو پی کے درمیان واقع ہے۔ یو پی پولیس کی جانب سے 20 جولائی کو دیاشنکر کے خلاف ایف آئی آر درج رجسٹر کئے جانے کے بعد وہ روپوش ہوگئے تھے۔ مایاوتی کے خلاف ریمارک پر پارلیمنٹ میں بھی ہنگامہ ہوا تھا۔