شہر کے اہم کالجس کی 40 ٹیموں کی شرکت ، تھیم پراجکٹس کی پیشکش
حیدرآباد ۔ 28 ۔ جنوری : ( پریس نوٹ) : مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی (MJCET) کی جانب سے اس سال کا اہم ایونٹ Hack Revolution ، 27 جنوری کو منعقد کیا گیا ۔ اس ایونٹ میں شہر کے اہم کالجس بشمول واسوی ، وجئے آئی ٹی ، دکن ، شاداں ، ایم جی آئی ٹی ، اسلامیہ کے 40 ٹیمس کی شکل میں 150 سے زائد شرکا نے حصہ لیا ۔ 15 گھنٹے طویل اس ایونٹ میں طلبہ کی چھپی ہوئی اور ابھرتی ہوئی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔ اس کا اہتمام کمپیوٹر سوسائٹی آف انڈیا کے بیانر تلے کمپیوٹر سائنس اینڈ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ایم جے سی ای ٹی کی انٹرپرینئر شپ سیل کے تعاون و اشتراک سے کیا گیا ۔ اس ایونٹ کا آغاز 27 جنوری کو صبح 7 بجے ہوا اور یہ رات 10 بجے تک 15 گھنٹے کامیابی کے ساتھ جاری رہا جس میں اس میں حصہ لینے والوں کو 16 ٹرینڈنگ تھیمس میں سے کوئی ایک تھیم کا انتخاب کرتے ہوئے ان کے اپنے پراجکٹ کو ڈیولپ کرنا تھا ۔ اس میں ہر ٹیم کی جانب سے پیش کئے گئے پراجکٹس کو ایک کمیٹی کی جانب سے اسیس کیا گیا جو انڈسٹری کے ماہرین بشمول سید نثار الحق ، ٹکنالوجی انالائسٹ ، انفوسیس اور محمد عمران خاں بزنس ٹکنالوجی انالائسٹ ، Deloitte پر مشتمل تھی ۔ ماہرین تعلیم سید اکبر حسین ، محمد عارف حسینی اور محمد ریاض الدین ، اسسٹنٹ پروفیسرس نے تمام پراجکٹس کا تجزیہ کیا ۔ مسٹر ظفر جاوید ، اعزازی سکریٹری ، سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی اور ڈاکٹر بشیر احمد ڈائرکٹر نے Hackathon کے کامیاب انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور ونرس کو مبارکباد دی ۔۔