مفتی سعید کے آبائی مکان پر پاکستانی پرچم لہرادیا گیا

سرینگر 24 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید کے بج بہارا علاقہ میں واقع آبائی مکان پر آج پاکستانی پرچم لہرادیا گیا۔ کل ہوئے انکاؤنٹر میں حزب المجاہدین کے 3 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے جن کا تعلق اسی علاقہ سے بتایا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق جس وقت جلوس جنازہ گزر رہا تھا اور ہزاروں افراد اس میں شریک تھے، اُس وقت مفتی سعید کے آبائی گھر پر ’’سبز اور سفید‘‘ پرچم لہرایا گیا۔ پولیس عہدیداروں نے اس واقعہ کے بارے میں تبصرہ سے انکار کیا ہے۔ تاہم پی ڈی پی لیڈر وحید پرا نے کہاکہ یہ پرچم مفتی سعید کے گھر پر نہیں بلکہ کمپاؤنڈ کی دیوار پر لہرایا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ اس طرح کے واقعہ کو زیادہ اہمیت نہیں دی جانی چاہئے۔ پرچم لہرانا ایک فیشن بن چکا ہے کیوں کہ سوشل میڈیا پر اسے پھیلایا جاسکتا ہے۔ لیکن اس نوعیت کے یکا دکا واقعات کو زیادہ اہمیت نہ دی جائے۔ واضح رہے کہ ضلع اننت ناگ کے اشمقام علاقہ میں کل سکیوریٹی فورسیس کے ساتھ انکاؤنٹر میں تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔ یہ تینوں بج بہارا کے ساکن تھے جو چیف منسٹر جموں و کشمیر مفتی محمد سعید کا آبائی ٹاؤن ہے۔