نئی دہلی ۔ 2 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) کشمیر میں انتخابات کے پرسکون انعقاد کو پاکستان ‘ حریت کانفرنس اور عسکریت پسندوں کا مرہون منت قرار دینے کی مخالفت کرتے ہوئے بی ایس پی کی سربراہ مایاوتی نے آج کہا کہ الیکشن کمیشن کی وجہ سے ایسا ممکن ہوسکا ہے ۔ انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کا پرسکون انعقاد الیکشن کمیشن کی وجہ سے مکن ہوسکا ہے ۔ الیکشن کمیشن کا جموں و کشمیر میں پرسکون انداز میں انتخابات منعقد کرنے میں اہم رول رہا ہے ۔ انہوں نے جموں و کشمیر میں پی ڈی پی ۔ بی جے پی حکومت کے دیرپا ہونے پر بھی شکوک و شبہات کا اظہار کیا اور کہا کہ دو مختلف اور متضاد نظریات رکھنے والی جماعتیں صرف اقتدار کیلئے ایک دوسرے سے اتحاد پر مجبور ہوئی ہیں۔