مفادات حاصلہ روڈ سیفٹی بل کے مخالف : گڈکری

نئی دہلی ، 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ٹرانسپورٹ کے شعبے میں شفافیت اور کمپیوٹرائزیشن کے مخالف مفادات حاصلہ نئے روڈ سیفٹی بل کے مخالف ہیں لیکن حکومت اس قانون کو لاگو کرنے کی پابند عہد ہے، مرکزی وزیر نتن گڈکری نے آج یہ بات کہی۔ وزیر زمینی حمل و نقل اور شاہراہیں نے کہا کہ ’’ہماری بہترین کوششوں کے باوجود یہ بل (روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ سیفٹی بل 2015ء) جو ہم نے بنایا، پارلیمنٹ میں متعارف نہیں کرایا جاسکا۔ یہ ہمارے لئے مشکل مسئلہ ہے۔ یہ ایکٹ یکجا فہرست کے دائرے میں آتا ہے اور مرکز و ریاستی حکومتیں دونوں فریقوں کے حقوق ہیں۔ مختلف گوشے کام کررہے ہیں جو اس بل کے مخالف ہیں‘‘۔ وہ انٹرنیشنل روڈ فیڈریشن کے زیراہتمام روڈ سیفٹی پر یہاں منعقدہ کانفرنس سے مخاطب تھے۔ انھوں نے کہا کہ مجوزہ ایکٹ نہ صرف سارے سسٹم کو کمپیوٹر سے مربوط کرے گا، بلکہ کرپشن کا خاتمہ ہوگا نیز اسے عظیم تر شفافیت لانے اور عوام کو فائدہ پہنچانے کی غرض سے ترتیب دیا گیا ہے۔