مغوی امریکی ڈاکٹر اور اطالوی امدادی کارکن ڈرون حملے میں ہلاک

واشنگٹن24 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )لاہور سے چار سال قبل اغوا ہونے والا امریکی ڈاکٹر وارن وین اسٹین اور اطالوی امدادی کارکن، پاک افغان سرحد پر امریکی ڈرون حملوں کے دوران مارے گئے۔ صدر اوباما نے واقعہ پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج کے کمانڈر انچیف کی حیثیت سے آپریشن کی پوری ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔ اطالوی امدادی کارکن گیووانی لو پورٹو 2012ء میں پاکستان میں لاپتہ ہوگئے تھے۔ وائٹ ہاوس کے مطابق ایک امریکی آپریشن کے دوران القاعدہ سے تعلق رکھنے والے دو امریکی بھی ہلاک ہوئے جن کے نام ایڈم گڈان اور احمد فاروق تھے، ان میں سے ایڈم گڈان القاعدہ کا ترجمان بھی تھا۔وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ کوئی بھی لفظ اس سانحے پر ان کے افسوس اور معذرت کی ترجمانی نہیں کرسکتا۔ امریکی صدر اوباما نے انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران مارے گئے مغویوں کے خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ انہوں نے ان مہلک آپریشنوں کی ذمہ داری بھی قبول کرلی ہے اور کہا ہے کہ آئندہ ایسے واقعات سے بچنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔