مغویہ پادری کی بحفاظت رہائی کیلئے مودی کا جیہ للیتا کو تیقن

چینائی۔/12جون، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ریاست تملناڈو کو تیقن دیا کہ حکومت ہندوستانی پادری الیکسیس پریم کمار کی بحفاظت رہائی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی جس کا گذشتہ ہفتہ افغانستان میں اغوا کیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ تملناڈو جیہ للیتا کو تحریر کئے گئے ایک مکتوب میں کہا کہ فی الحال حکومت کی سب سے بڑی کوشش یہی ہے کہ پادری پریم کمار کی بحفاظت رہائی عمل میں آئے اور انہیں کوئی نقصان نہ پہنچے۔ نریندر مودی نے کہا کہ وہ اس بات کا تیقن دیتے ہیں کہ حکومت پادری پریم کمار کی بحفاظت رہائی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی۔ وہ خود صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ یاد رہے کہ قبل ازیں 4جون کو جیہ للیتا نے بھی مودی کو مکتوب تحریر کیا تھا جہاں ان سے استدعا کی گئی تھی کہ پادری پریم کمار کی عاجلانہ رہائی کیلئے وزیر اعظم شخصی طور پر مداخلت کرتے ہوئے افغانستان کے اعلیٰ حکام سے رجوع ہوں جس کا جواب نریندر مودی نے بذریعہ مکتوب دیا اور کہا کہ وہ خود بھی پادری پریم کمار کے اغواء سے بہت زیادہ تشویش میں مبتلاء ہیں۔

مودی نے کہاکہ انہیں حکومت افغانستان اور ہیرات میں مقیم حکام نے تیقن دیا ہے کہ پادری پریم کمار کی رہائی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ اس سلسلہ میں کابل میں موجود ہندوستانی سفیر امرسنہا بھی صدر افغانستان کے دفتر اور سیکوریٹی ایجنسیوں سے مسلسل ربط میں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے ( مودی ) سلامتی مشیر اجیت دول نے بھی افغانستان کے قومی سلامتی مشیر سے بات چیت کی ہے اور انہوں نے تیقن دیا ہے کہ افغان حکومت بھی پادری پریم کمار کی بحفاظت رہائی کیلئے کوشاں ہے۔ یاد رہے کہ پادری الیکسیس پریم کمار جن کا تعلق تملناڈو سے ہے، 2جون کو افغانستان کے ہیرات سے نامعلوم بندوق برداروں نے ان کا اغواء کرلیا تھا جبکہ کچھ روز قبل اسی مقام پر واقع ہندوستانی سفارت خانے پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔ پادری پریم کمار افغانستان میں ایک تعلیمی چیاریٹی سے وابستہ تھے۔