مغویہ شہریوں کی رہائی کیلئے حکومت ہند ِ سرگرم

نئی دہلی۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج کہا کہ وہ عراق میں انٹرنیشنل ریڈ کریسنٹ، دیگر ممالک اور تمام فریقین سے ربط میں ہے تاکہ موصل میں مغویہ 39 ہندوستانی ورکرس کی بحفاظت رہائی یقینی بنائی جائے۔ حکومت ہر ممکن کوشش کررہی ہے کہ مغویہ شہریوں کی رہائی یقینی ہوسکے۔ 40 ہندوستانی ورکرس کا موصل میں اغوا کیا گیا جن میں ایک فرار ہونے میں کامیاب رہا ۔اس نے عسکریت پسندوں کی تفصیلات سے حکام کو واقف کروایا تھا ۔ ذرائع کے مطابق حکومت 46 نرسوں سے بھی ربط رکھے ہوئے ہے جو تکریت کے ایک ہاسپٹل میں پھنسی ہوئی ہیں۔ ان نرسیس کو غذا فراہم کی جارہی ہے۔ عراق کے تشدد سے متاثرہ علاقوں میں جملہ 120 ہندوستانی موجود ہیں جن میں 16 کا پہلے ہی تخلیہ کردیا گیا اور ایک اغوا کاروں کے چنگل سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔ اب 103 ہندوستانی یہاں پھنسے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ عراق میں جنگجوؤں نے کئی بڑے اور اہم شہروں پر قبضہ کرلیا ہے اور یہاں کی صورتِ حال انتہائی تشویشناک ہوتی جارہی ہے۔