مغلپورہ گراونڈ پر کل مجلس بچاؤ تحریک کا جلسہ رحمتہ اللعلمین ﷺ

حیدرآباد۔16جنوری(سیاست نیوز) برصغیر کا فقید المثال 22 واں جلسہ رحمت العالمینؐ 18جنوری بروز ہفتہ بعد نمازعشاء ‘ مغل پورہ پلے گراونڈ میں منعقد کیا جائے گا۔ مجلس بچائو تحریک کے مجوزہ جلسہ رحمت العالمینؐ کی تیاریوں اور مہمان مقررین کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے کارپوریٹر مجلس بچائو تحریک امجد اللہ خان خالد نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو یہ بات بتائی۔انہوں نے کہاکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی مجلس بچائو تحریک نے اڑیسہ کے عالم دین مفکر اسلام علامہ قاری سخاوت حسین برکاتی جن کو دنیا کی مختلف زبانوں پر عبور حاصل ہے کو مدعو کیا ہے جو سیر ت النبیؐ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالیں گے اس کے علاوہ خطیب اسلام مولانا شاکر رضا مہارشٹرا‘ قاری امان اللہ بلیاوی مغربی بنگال بھی مہمانانِ خصوصی کی فہرست میں شامل ہیں۔

امجد اللہ خان خالد نے بتایا کے صدر مجلس بچائو تحریک ڈاکٹر قائم خان کی نگرانی میں یہ پہلا جلسہ رحمت العالمین ہے جسکو مقامی علماء واکابرین جن میں الحاج محمد اقبال علی قادری رضوی رفاعی‘ ڈاکٹر صادق نقوی‘ مولانا حسیب الحسن صدیقی‘ مولانا سید بختیارعالم فاضل جامعہ نظامیہ وخطیب جامع مسجد مہدویہ مشیرآباد‘ ترجمان مجلس بچائو تحریک مجید اللہ خان کے نام قابلِ ذکر ہیں ۔ جناب امجد اللہ خان خالد نے کہاکہ اس مقد س جلسہ رحمت العالمینؐ کے صدر استقبالیہ پیر طریقت حضرت الحاج سید شاہ درویش محی الدین قادری المعروف مرتضیٰ پاشاہ ہونگے اور جلسہ کا آغاز قاری غلام احمد نیازی کی قرات کلام پاک سے ہوگا اس کے علاوہ انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی اور قومی شہرت یافتہ نعت خواں او رشعراء اس مقدس جلسہ سے بارگاہ ِ رسالت مآب میں نعت رسول مقبول کا نذرانہ پیش کریں گے۔

جلسہ کے کامیاب انصرام کے لئے تشکیل دی گئی 151ارکان کی کمیٹی شب روز جلسہ کی تیاریوں میں جٹی ہوئی ہے انہوں نے اس مقدس جلسہ رحمت العالمین میں شرکت کے ذریعہ ثواب دارین حاصل کرنے کی عوام سے اپیل کی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جنا ب لیا قت علی خان شکاگو نے کہاکہ وہ ہر سال مجلس بچائو تحریک کے اس مقدس جلسہ رحمت العالمین میں شرکت کے لئے امریکہ سے آتے ہیں انہوں نے مزید کہاکہ شہر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے میلاد کی محفلیںقلب سکون اور اسلامی تعلیمات کو عام کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ مجلس بچائو تحریک کے سینئر قائدین الحاج سید طاہر‘ میر محسن علی‘ سکندر مرزا کے علاوہ الطاف نصیب خان نے بھی ایم بی ٹی کے 22ویں جلسہ رحمت العالمین کی تیاریوں کے متعلق تفصیلات سے میڈیا کو واقف کروایا۔