یروشلم ،4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں واقع ایک بستی کے قریب ایک فلسطینی شہری کو مار گرایا۔اسرائیلی فوج نے ایک مختصر بیان میں کہا،”ہبرون کے مشرق میں کریات اربہ کے پاس فوجی چیک پوسٹ کے قریب پیر کو چاقو کے ساتھ ایک فلسطینی شہری گھسنے کی کوشش کر رہا تھا۔سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے اس پر گولیاں چلائی جس میں وہ مارا گیا”۔فلسطینی ہلا ل احمر ایمبولینس سروس نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ہبرون کے قریب اپنے شہری کی موت کی تصدیق کی لیکن کہا کہ اس کی کی کوئی اور تفصیل معلوم نہیں ہے ۔ہبرون کے ایک فلسطینی باشندے عبد الماوتی القاسمی نے بتایا کہ اس شخص کی گاڑی کو ایک اسرائیلی نے اچانک روک لیا اور اسے گولی مار دی۔ اس نے کہا کہ مارے گئے شخص کے پاس چاقو یا کوئی دوسری چیز نہیں تھی اور نہ ہی اس نے کسی اسرائیلی کو چوٹ پہنچانے کی کوشش کی تھی۔مغربی کنارے میں گذشتہ جولائی کے بعد اسرائیلی فوجیوں کی طرف سے کسی فلسطینی کا یہ پہلا قتل ہے ۔ اسرائیلی فوج نے جولائی میں ایک فلسطینی حملہ آور کو بھی مار گرایا تھا جس نے عدم میں واقع اسرائیلی بستی میں گھس کر تین لوگوں پر چاقو سے حملہ کرکے زخمی کر دیا تھا جن میں سے ایک کی بعد میں موت ہو گئی تھی۔اسرائیل فلسطینی کشیدگی گزشتہ چند ماہ میں امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے لئے گئے پالیسی ساز فیصلوں کی ایک سلسلہ کے بعد اور بڑھ گیا ہے ۔ اس کی وجہ سے فلسطینیوں میں غم و غصہ اور بڑھ گیا ہے اور بین الاقوامی سطح پر بھی اسرائیلی کارروائیوں کو لے کر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔