مغربی کنارہ میں 283 مکانات کیلئے اسرائیلی ٹنڈرس

یروشلم ، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے کل کہا کہ اس نے مغربی کنارہ کی ایک نوآبادی میں 283 نئے مکانات کیلئے ٹنڈرس شائع کئے ہیں، جبکہ چند روز قبل ہی اس نے تین دہوں سے مقبوضہ فلسطینی علاقے پر اراضی کے اپنے سب سے بڑے قبضے کا اعلان کیا تھا۔ مغربی کنارہ کے شمال مغرب میں ’ایلکانا‘ نوآبادی کی توسیع کو جنوری میں منظوری دی گئی تھی اور ٹنڈرس جمعرات کو شائع کئے گئے، اسرائیل کی لینڈ اتھارٹی نے اپنی ویب سائٹ پر یہ بات کہی ہے۔ صیہونی مملکت نے جنوری میں کہا تھا کہ وہ ملحقہ مشرقی یروشلم اور مقبوضہ مغربی کنارہ بشمول ایلکانا میں لگ بھگ 5,000 نئے نوآبادیاتی مکانات کی تعمیر کے کام کو قبل ازیں معلنہ پروگرام سے پیشتر مکمل کرلے گا۔