مغربی کنارہ میں اسرائیلی فوج کی اشتعال انگیز مہم

رملہ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) اِسرائیلی فوج مغربی کنارہ شہر کے نابلس میں مساجد کے باب الداخلہ اور مکانات میں بڑے پیمانے پر ماچس باکس تقسیم کررہی ہے۔ اس پر انتباہ درج ہے کہ ’’حماس مغربی کنارہ کو شعلوں کی لپیٹ میں ڈھکیل رہی ہے‘‘۔ بتایا جاتا ہے کہ مقامی عوام کو اشتعال دلانے کے مقصد سے اسرائیلی فوج نے یہ مہم شروع کر رکھی ہے۔ 3 اسرائیلی شہریوں کے اغوا کے پس منظر میں اس واقعہ نے کافی اہمیت حاصل کرلی اور مغربی کنارہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس دوران العروب پناہ گزین کیمپ واقع حبرون میں ایک معمر خاتون کی موت واقع ہوگئی ۔ اسرائیلی فوج نے کیمپ پر دھاوا کیا اور 78 سالہ فاطمہ اسمعیل رشدی کے گھر کی تلاشی لیتے ہوئے انہیں اس قدر ہراساں اور خوف زدہ کیا کہ قلب پر حملے سے موت واقع ہوگئی۔