مغربی ممالک کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا:خامنہ ای

تہران،5جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ ایران کے میزائل پروگرام پر پابندیوں کا مغربی ممالک کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، انہوں نے عرب عوام پر زور دیا کہ وہ امریکہ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ سرکاری ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ دشمن معاشی اور نفسیاتی دباؤ سے ایران کو اپنے آگے جھکانا چاہتا ہے مگر ایران کسی دباؤ میں نہیں آئے گا نہ ہی ناجائز مطالبات مانے گا۔انہوں نے کہا کہ خطے کی محروم اور مزاحمتی اقوام کی حمایت جاری رکھی جائے گی ،انہوں نے واضح کیا کہ دشمن نے حملہ کیا تو دس گنا شدت سے جواب دیں گے ۔

ایران کا یورینیم افزودگی کے
آغاز کا منصوبہ
تہران۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے آج آئی اے ای اے کو واضح کردیا ہے کہ اس نے اپنے یورینیم افزودگی پروگرام کی گنجائش میں اضافہ کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ نیوکلیئر سربراہ علی اکبر صالحی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ ایجنسی کو اس سلسلہ میں ایک مکتوب حوالے کیا گیا ہے جس میں کچھ سرگرمیوں کو شروع کئے جانے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ صالحی ایرانین اٹامک انرجی آرگنائزیشن کے نائب صدر ہیں۔