فلورینس ۔ 9 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) مغربی ممالک بھی دولت اسلامیہ کے وجود کے مساوی ذمہ دار ہیں اور اگر دولت اسلامیہ اس دنیا کو ٹکڑوں میں بانٹ دیتی ہے تو اس کی ذمہ داری مساوی طور پر مغربی ممالک پربھی عائد ہوگی۔ فلورینس میں ایک سمینار کے موقع پر علحدہ طور پر خطاب کرتے ہوئے پیش امام جامعہ الازہر احمد الطیب نے کہا کہ وہ ایک عام شہری ہیں لیکن انہیں مغربی ممالک کے دولت اسلامیہ کے وجود میں کردار کا بخوبی علم ہے اور اگر یہ تنظیم عروج پاتی ہے اور دنیا کو ٹکڑوں میں تقسیم کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو ان کے خیال میں مغربی ممالک کو بھی اس کے انسداد کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ دولت اسلامیہ عروج پر آنے کے بعد صرف عالم عرب تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کی جڑیں امریکہ تک پھیل جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تنظیم تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور بہت جلد مغربی ممالک کو بھی اس عروج کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کے پاس امریکی ہتھیاروںکی موجودگی سے ثبوت ملتا ہے کہ مغرب بھی داعش کے عروج میں ملوث ہے۔