مغربی بنگال کے سیلاب زدہ علاقوں میں صورتحال بہتر

کولکتہ۔/6اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال میں زوردار بارش اور سیلاب کی وجہ سے اب تک97 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بارش کا سلسلہ تھم جانے اور بیاریجس سے پانی کے اخراج کے بعد صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔ ڈیساسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے بتایا کہ آج مزید 17افراد کی موت کی اطلاع کے بعد مہلوکین کی تعداد 9ّ7 تک پہنچ گئی ہے۔ سیلاب کا پانی دھیرے دھیرے اُتر جانے کے بعد بعض لوگ ریلیف کیمپس سے اپنے مکانات واپس جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ 4.19 لاکھ افراد کیلئے تقریباً2,719ریلیف کیمپس لگائے گئے ہیں اور 592 میڈیکل کیمپس کھولے گئے ہیں ، جملہ 89 لاکھ افراد بارش اور سیلاب سے متاثر ہیں اور 1,24,594 مکانات مکمل اور 4,24,140 مکانات جزوی طور پر منہدم ہوگئے ہیں اور 9,45,433 ہیکٹر پر محیط فصل تباہ ہوگئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور صاف پینے کا پانی اور ادویات کی تقسیم عمل میں لائی جارہی ہے۔