مغربی بنگال کی صورتحال صدر راج کے نفاذ کی متقاضی نہیں : سی پی ایم

کولکتہ۔ 5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سی پی آئی (ایم) نے آج کہا کہ مغربی بنگال میں پیدا شدہ صورتحال، صدر راج کے نفاذ کی متقاضی نہیں ہے تاہم اس نے ضلع شمالی 24 پرگنہ کے گڑبڑ زدہ علاقوں میں امن کی بحالی کیلئے فی الفور اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ مغربی بنگال میں بائیں بازو محاذ کے صدرنشین بمن بوس نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس، مغربی بنگال میں صدرراج کے نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے کھیل کے منصوبہ کو آگے بڑھانے کی کوشش کررہے ہیں۔ بوس نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’ضلع شمالی 24 پرگنہ کے گڑبڑ زدہ علاقوں میں بحالی امن کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں لیکن بنگال میں صدر راج نافذ کرنے کیلئے بی جے پی کی طرف سے کئے جانے والے مطالبہ سے ہم اتفاق نہیں کریں گے‘‘۔ موجودہ صورتحال صدر راج کے نفاذ کی متقاضی نہیں ہے۔ اس قسم کے مطالبات صرف بی جے پی اور آر ایس ایس کے کھیل کے منصوبوں کو ظاہر کررہے ہیں‘‘۔