کولکتہ ۔ 5 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مغربی بنگال میں بچہ قیدیوں کو تعلیم کا موقعہ دستیاب ہوجائے گا کیوں کہ محکمہ اصلاحات نے جیل احاطوں میں اوپن اسکولس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ علی پورے کرکیشنل ہوم ریاست کا پہلا جیونل ہوم بن جائے گا جہاں سزا یافتہ کمسن بچوں کو قیام و طعام کے ساتھ اسکول اور کتب خانہ کی سہولت دستیاب رہے گی ۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل ( محابس ) ادھیر شرما نے بتایا کہ ریاست کے مختلف جیلوں میں قیدیوں کی مجموعی ترقی کیلئے متفرق اقدامات کئے جارہے ہیں اور مروجہ قواعد کے مطابق اگر خاتون قیدی کو ایک تا 6 سال کا بچہ ہو تو اسے والدہ کے ساتھ رہنے کی اجازت رہے گی اور 6 سال بعد اس بچہ کو اس کے والد کے پاس بھیج دیا جائے گا یا پھر حکومت اور مختلف این جی اوز کے اقامتی اسکولوں میں شریک کروادیا جائے گا ۔ محکمہ اصلاحات کے ایک سینئیر عہدیدار نے بتایا کہ علی پورے جیل میں فی الحال 6 سال کے 25 بچے اپنی ماؤں کے ساتھ مقیم ہیں اور مذکورہ پراجکٹ 12مئی سے شروع کیا جائے گا ۔۔