مغربی بنگال کی ایک تاریخی مسجد میں لائیٹ اینڈ ساونڈ شو

مالڈا (مغربی بنگال) ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) برصغیر ہند کی سب سے بڑی مسجد جوکہ ضلع مالڈا میں 14 ویں صدی کے دوران تعمیر کی گئی ہے، آواز اور روشنی کے خصوصی پروگرام کے ذریعہ اس کی عظمت رفتہ کو پیش کیا جائے گا۔ غروب آفتاب کے ساتھ لائیٹ اینڈ ساونڈ پروگرام کے ذریعہ سیاحوں کو بتایا جائے گا کہ 1369 میں سلطان سکندر شاہ نے کس طرح یہ مسجد تعمیر کروائی ہے جس کا ڈیزائن دمشق میں واقع 8 ویں صدی کی جامع مسجد کے طرزتعمیر کا ہے اور اس شو میں سنتال باغیوں کے اس مسجد پر قبضہ کا بھی تذکرہ رہے گا اور اس پروگرام کی صدا بندی ممتاز گلوکار کبیر سمن نے کی ہے۔ ریاستی وزیر اغذیہ کے این چودھری نے بتایاکہ اس شو کے ذریعہ مالڈا کی قدیم تاریخ کا احیاء کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کو محکمہ سیاحت نے خصوصی طور پر مرتب کیا ہے۔