مغربی بنگال کو مودی حکومت کا عدم تعاون

مختلف پراجکٹس کے لئے فنڈس میں کمی، چیف منسٹر ممتا بنرجی کا بیان
گوپی بلائوپور (مغربی بنگال)۔29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکز پر حکومت مغربی بنگال کے ساتھ عدم تعاون کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر ممتا بنرجی نے آج کہا کہ ریاست کو قرض کے پھندے سے باہر نکالنے کے کئی مرتبہ مطالبات کے باوجود مودی حکومت نے مختلف پراجکٹس کے لئے فنڈس میں کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مرکز مکمل تعاون کرے تو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جاسکتے ہیں۔ ممتابنرجی نے مودی حکومت پر زور دیا کہ وہ تمام سرکاری پراجکٹس کے لئے مکمل فنڈس عوامی مفاد میں جاری رکھیں۔ آج یہاں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ممتابنرجی نے کہا کہ مرکز نے مختلف پراجکٹس بشمول جنگل محل (مائوسٹ سرگرمیوں سے متاثرہ) کے لئے فنڈس میں کمی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیش رو بائیں بازو محاذ حکومت نے قرض کا بھاری بوجھ عائد کیا ہے اور ریاستی عوام اس سے بری طرح متاثر ہیں۔ ان تمام کے باوجود موجودہ حکومت نے لاکھوں عوام کے لئے روزگار کے مواقع فراہم کئے۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ حکومت کی تائید کریں جو صرف عوام کے لئے کام کررہی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت کبھی بھی عوام کو ترقیاتی سرگرمیوں کے فقدان کی بناء متاثر ہونے نہیں دے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ جنگل محل کے عوام پرامن رہیں اور تمام ترقیاتی سرگرمیوں میں ان کی ممکنہ مدد کی جائے گی۔ ان کا کوئی بھی پراجیکٹ روکا نہیں جائیگا۔