مغربی بنگال چناؤ کا پانچواں مرحلہ 78 فیصد پولنگ ، 5 مئی کو قطعی راؤنڈ

کولکاتا،30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال اسمبلی چناؤ کے پانچویں و دوسرے آخری مرحلہ میں آج سخت سکیورٹی کے درمیان 1.24 کروڑ رائے دہندوں کے زائد از 78 فیصد نے دھوپ کی تمازت کا سامنا کرتے ہوئے 53 حلقوں میں ووٹ ڈالے۔ اسٹیٹ چیف الکٹورل آفیسر سنیل گپتا نے کہا کہ شام 5 بجے تک پولنگ کا تناسب مجموعی طور پر 78.25 فیصد ریکارڈ ہوا۔ تشدد کے اکا دکا واقعات کی اطلاع ملی ہے۔ سی پی آئی۔ ایم اور کانگریس نے برسراقتدار ترنمول کانگریس کو ووٹروں اور الیکشن ایجنٹس کو دھمکانے کا موردِ الزام ٹھہرایا۔ اسمبلی ڈپٹی اسپیکر اور ٹی ایم سی امیدوار سونالی گوہا جنوبی 24 پرگنا کے اپنے حلقہ ستگاچیا میں تنازعہ میں پھنس گئیں جب انھیں ٹی وی کیمروں نے فون پر ایسی ہدایات دیتے ہوئے قید کرلیا کہ ’’سی پی آئی۔ ایم ایجنٹ کو بوتھ سے مار پیٹ کر نکال باہر کریں‘‘۔ دوسری طرف ترنمول قائدین بشمول رکن لوک سبھا ابھیشک بنرجی نے سنٹرل سکیورٹی فورسیس کی ’’زیادتیوں‘‘ کا الزام عائد کیا ہے۔ ترنمول اور بی جے پی اس مرحلہ کی تمام نشستوں پر چناؤ لڑرہے ہیں۔ لیفٹ فرنٹ جس نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کیا ہے، 37 حلقوں کے انتخابی میدان میں ہے۔ کانگریس نے 14 امیدوار کھڑے کئے ہیں۔ 2011ء اسمبلی چناؤ میں ترنمول نے ان نشستوں میں سے 46 جیتے تھے۔ لیفٹ فرنٹ کو محض چھ سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔ ریاست میں چناؤ کا چھٹا و آخری مرحلہ جمعرات 5 مئی کو منعقد کیا جائے گا۔