بردوان (مغربی بنگال) 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے ضلع بردوان میں مزید آلو کے مزید 2 کاشتکاروں نے معاشی پریشانیوں سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ جبکہ گزشتہ پندرہ واڑہ کے دوران خودکشی کرنے والے کسانوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔ ایک کسان اتل پرساد (40 سال نے بشنو بھائی گاؤں میں اور دوسرا کسان وجئے ہندا 48 سال) نے شیورام پور گاؤں میں کل شب جراثیم کش دوا پی لی تھی۔ یہ دونوں آج بردوان میڈیکل کالج ہاسپٹل میں فوت ہوگئے۔ متوفی کسانوں کے رشتہ داروں نے بتایا کہ آلو کی فصل کیلئے منافع بخش قیمت حاصل نہ ہونے پر وہ پریشان تھے کیونکہ ان کسانوں نے قرض لے کر آلو کی کاشت کی تھی جوکہ ادا کرنے سے قاصر تھے۔ پولیس نے بتایا کہ خودکشی واقعات کی تحقیقات کی جارہی ہے۔ تاہم ترنمول کانگریس ایم ایل اے اوجول پرامینک نے بتایا کہ کسانوں کی خودکشی کا آلو کی فصل سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ خاندانی تنازعات ہے۔