مغربی بنگال میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک روپیہ فی لیٹر کی کمی

کولکتہ 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت پٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں ایک روپیہ کی کمی کرے گی۔ اُنھوں نے مرکز سے بھی ایندھن کی قیمتوں پر عائد ٹیکس میں کٹوتی کی درخواست کی ہے۔ ممتا بنرجی نے سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ’’وقتیہ طور پر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہم ایک روپیہ فی لیٹر کمی کرنے کا فیصلہ کئے ہیں۔ ہم یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ مرکزی حکومت بھی ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں پر عائد ٹیکس میں تخفیف پر غور کرے‘‘۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی کے زیرقیادت مرکزی حکومت ایک ایسے وقت جب خام تیل کی عالمی قیمتیں بڑھ رہی تھیں، اکسائز ڈیوٹی میں 9 مرتبہ اضافہ کی ہے۔