مغربی بنگال میں قومی شہریت رجسٹر متعارف کروانے امیت شاہ کا اعلان

علی پور دوار (مغربی بنگال) 29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) قومی صدر بی جے پی امیت شاہ نے آج ایک انتخابی جلسہ میں اعلان کیاکہ قومی شہریت رجسٹر کا عمل مغربی بنگال میں بھی مرکز میں بی جے پی برسر اقتدار آنے کی صورت میں متعارف کروایا جائے گا تاکہ دراندازوں کو خارج کیا جاسکے۔ تاہم اُنھوں نے واضح کردیا کہ ہندو پناہ گزینوں کو چھوا بھی نہیں جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم قومی شہریت رجسٹر بنگال میں بھی متعارف کروائیں گے اور دراندازوں کو خارج کردیں گے لیکن ہم تیقن دیتے ہیں کہ ہندو پناہ گزینوں کو چھوا بھی نہیں جائے گا۔ وہ ہمارے ملک کی زینت ہوں گے۔ قومی شہریت رجسٹر ایک ایسی دستاویز ہے جس میں تمام حقیقی ہندوستانی شہریوں کو آسام میں شہریت عطا کی جائے گی۔ تاہم اگر یہ مسلسل ایک بڑا مسئلہ بنایا جائے تو گزشتہ سال جاری کردہ مکمل مسودہ منسوخ کردیا جائے گا۔ لاکھوں افراد کے نام حذف کردیئے جائیں گے جو ریاست آسام میں برسوں سے مقیم ہیں۔ قومی صدر بی جے پی نے یہ بھی کہاکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات ترنمول کانگریس زیراقتدار مغربی بنگال میں جمہوریت کی بحالی کے بارے میں ہے۔ ترنمول کانگریس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے امیت شاہ نے کہاکہ ٹی ایم سی کا مطلب ترنمول، ہلاکتیں اور ٹیکس ہے۔ ٹی ایم سی حکومت میں دھمکیاں دے کر رقم وصول کرنے والے ہجوم نشوونما پارہے ہیں۔