مغربی بنگال میں قتل و خون کی سیاست کا خاتمہ چیف منسٹر ممتا بنرجی کا ادعا

پرولیا ( مغربی بنگال ) ۔ 28 ۔ مارچ : (سیاست ڈاٹ کام ) : ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے آج یہ دعویٰ کیا ہے کہ مغربی بنگال میں ترقی کا ایک دور شروع ہوگیا جو کہ پیشرو بائیں بازو حکومت کے دوران ناپید تھا اور یہ الزام عائد کیا کہ مرکز میں بی جے پی حکومت ریاست کی ترقی کے لیے کوئی امداد نہیں کررہی ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ 34 سالہ بائیں بازو کی حکومت اور نہ ہی 2 سالہ بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت نے ریاست کی ترقی کے لیے کچھ بھی نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ترنمول کانگریس حکومت نے مغربی بنگال کی تصویر ہی بدل دیا اور اب یہ ریاست عالمی نقشہ میں مقام پالیا ہے ۔ سابق میں ماویسٹ سرگرمیوں سے متاثرہ پرولیا میں انتخابی ریالی سے مخاطب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کی حکومت نے نہ صرف پرولیا بلکہ پورے علاقہ جنگل محل میں امن اور ترقی کے لیے ٹھوس کام کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پیشرو لیفٹ فرنٹ کے دور حکومت میں علاقہ جنگل محل کے عوام خوف و دہشت میں زندگی گذار رہے تھے ۔ جہاں پر قتل و خون کا بازار گرم تھا ۔ لیکن اب وہ دن چلے گئے اور امن و خوشحالی کے دن آگئے ہیں ۔ اور سال 2011 سے جنگل محل میں ایک بھی قتل کا واقعہ پیش نہیں آیا ۔ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور لیفٹ کے درمیان ناپاک گٹھ جوڑ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی شرمناک بات ہے کہ کانگریس نے 55 ہزار کارکنوں کو فراموش کردیا ۔ جنہیں لیفٹ فرنٹ حکومت کے دور میں مار دیا گیا تھا ۔