مغربی بنگال میں فرقہ پرستی کے خلاف ممتا کا انتباہ

جلپائی گوڑی(مغربی بنگال)۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج عوام کو فرقہ پرستی پر اُکسانے کے خلاف انتباہ دیا اور کہا کہ مختلف مذہبی گروپس کے افراد کی شناخت کی جاچکی ہے جو عوام کو فرقہ پرستی کیلئے اکسا رہے ہیں جو ہندو، مسلم ، عیسائی، ہندی داں اور اُردو داں افراد کی موجودہ خیرسگالی کو تباہ کردینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ روزہ بھی رکھتی ہیں لیکن یہ ان کے مذہب کے خلاف نہیں ہیں۔ انہوں نے بی جے پی یا آر ایس ایس کا نام لئے بغیر کہا کہ وہ مغربی بنگال میں توڑ پھوڑ کی سیاست کی اجازت نہیں دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ درگا پوجا بھی کرتی ہیں اور فخریہ انداز میں کسی ہچکچاہٹ کے بغیر اس کا اعلان کرتی ہیں، لیکن دیگر سیاسی افراد مذہب کے نام پر توڑ پھوڑ کی سیاست کرتے ہیں۔