کولکتہ ۔ 29 ۔ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے 3 اضلاع میں کل شب طوفانی ہواؤں سے تقریباً 200 مکانات کو نقصان پہنچا۔ سینکڑوں مکین بے گھر اور 12 افراد زخمی ہوگئے ۔ کل شب ضلع ہوڑہ میں کئی ایک مکانات منہدم اور شمالی 24 پرگنہ ضلع میں گھاس پوس کی جھونپڑیاں اڑگئیں جبکہ ض لع ناڈیہ میں آج صبح کچے مکانات کو نقصان پہنچا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ضلع ہوڑہ کے چار پنچالہ اور بادام ٹلہ میں طوفانی ہواؤں سے سب سے زیادہ تباہی آئی ہے جہاں پر 200 افراد بے گھر ، سینکڑوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے اور برقی کھمبے گرگئے۔ ان واقعات میں زخمی 9 میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جبکہ بعض مکانات کی چھت ایک کیلومیٹر دور جاگری۔ انہوں نے بتایا کہ بے سر و سامان عوام کو قریبی ہاسٹلوں اور فیکٹریوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ دریں اثناء چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے ریاست کے 3 اضلاع میں کل شب طوفانی ہواؤں کی تباہیوں کے پیش نظر اپنا دورہ لندن مختصر کر کے واپس آرہی ہیں۔