چنسرا ؍ کولکتہ ۔ /15 جون (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں دہشت گردی پر مبنی ٹریڈ یونین کلچر کے جواب میں فیکٹری ورکرس نے مبینہ طور پر پٹ سن مل کے چیف ایکزیکٹیو آفیسر (سی ای او) کو زدوکوب کرتے ہوئے ہلاک کردیا ۔ یہ کارروائی فیکٹری کے احاطہ میں آج صبح کے وقت پیش آئی جس کے بعد سیاسی الزامات و جوابی الزامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے سی پی آئی ایم اور بی جے پی کو اس واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا ۔ دوسری طرف ان دونوں جماعتوں نے یہ الزام مسترد کردیا ہے ۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس سنیل چودھری نے بتایا کہ ضلع ہگلی میں واقع مورتھ بروک جیوٹھ مل کے سی ای او ایچ کے مہیشوری کو احتجاجی فیکٹری ورکرس نے اس وقت بری طرح زدوکوب کیا
جب انہوں نے ہفتہ واری کام کے اوقات میں اضافہ کا مطالبہ مسترد کردیا ۔ ورکرس ان کے اوقات کار میں اضافہ کا مطالبہ اس لئے کررہے تھے کہ انہیں زیادہ رقم مل سکے ۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی نے اس واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سی پی آئی ایم اور بی جے پی کے لوگ اس وقت وہاں موجود تھے ۔ ان دونوں جماعتوں نے تاہم اس واقعہ میں ملوث ہونے کی تردید کی اور دعویٰ کیا کہ اس واقعہ سے مغربی بنگال میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بے نقاب ہوگئی ۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ اس واقعہ کے بعد صنعت کاروں میں بیمار جیوٹ انڈسٹری کے بقاء کے تعلق سے سوالیہ نشان پیدا ہوگیا ہے ۔ ممتا بنرجی نے ایک نیوز چیانل کو بتایا کہ ورکرس کے ساتھ 5 بجے شام بعض مسائل پر ملاقات طئے تھی لیکن سی آئی ٹی یو اور وی ایم ایس یونین کے ارکان مل کے احاطہ میں آج صبح جمع ہوگئے
اور مہیشوری ان سے بات چیت کیلئے دفتر سے باہر آئیں ۔ ممتا بنرجی نے بتایا کہ انہیں موصولہ اطلاع کے مطابق بی ایم ایس اور سی آئی ٹی یو ارکان نے مہیشوری کو بری طرح زدوکوب کیا ۔ بھارتیہ مزدور سنگھ (بی ایم ایس) آر ایس ایس کی ملحقہ یونین ہے جبکہ سنٹر آف انڈین ٹریڈ یونین (سی آئی ٹی یو) ، سی پی آئی ایم کی ٹریڈ یونین ونگ ہے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ انہوں نے پولیس کو مجرمین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے ۔
مرکز ضروری کارروائی کرے گا :بی جے پی
ممتا بنرجی کی جانب سے سی ای او کی ہلاکت کیلئے بی جے پی کو مورد الزام قرار دینے پر پارٹی ترجمان سدھارتھ نارتھ سنگھ نے کہا کہ ریاست میں بی جے پی ورکرس کے ساتھ بے رحمانہ سلوک کیا جائے تو اس کیلئے حکمراں جماعت ذمہ دار ہوگی اور مرکز دستور کے مطابق کارروائی کرے گا ۔ انہوں نے لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر ترنمول کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کو بی جے پی زیراقتدار ریاستوں کو بھیجنے ممتا بنرجی کی دھمکی پر بھی شدید ردعمل ظاہر کیا ۔