نئی دہلی؍ سیلیگوڑی۔ یکم جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال میں زمین کھسکنے سے 38 افراد ہلاک ہوگئے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے آج انسانی زندگیوں کے اتلاف پر جو مغربی بنگال کے ضلع دارجلنگ میں پیش آئے رنج کا اظہار کیا اور مہلوکین کے ورثاء کو 2 لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو کو انہوں نے متاثرہ مقامات کا دورہ کرنے، صورتِ حال کا راست جائزہ لینے کی ہدایت دی۔ این ڈی آر ایف کی ایک ٹیم متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کررہی ہے۔ نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ وزیراعظم کے قومی راحت رسانی فنڈ سے مہلوکین کے ورثا کو 2 لاکھ روپئے فی کس کا معاوضہ ادا کیا جائے گا۔ 3 سب ڈیویژنوں میں کل رات سے زبردست بارش کی وجہ سے زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے، جن میں 38 افراد ہلاک، 20 زخمی اور 15 لاپتہ ہوگئے ہیں۔ سیلیگوڑی سے موصولہ اطلاع کے بموجب دارجلنگ میں 25 مقامات پر زمین کھسکنے کے واقعات پیش آئے۔ سرحدی شوارع تنظیم کے ارکان جو فی الحال بند سڑکوں کی صفائی میں مصروف ہیں، کہا کہ 38افراد ہلاک، 20 زخمی اور 15 افراد لاپتہ ہیں۔ چیف منسٹر ممتا بنرجی جو ضلع مرشدآباد میں تھیں، فوری متاثرہ مقامات کے لئے روانہ ہوگئیں۔ صورتِ حال کا جائزہ لیا اور اس کے بعد مرشدآباد میں اجلاس میں شرکت کیلئے واپس ہوگئیں۔ انہوں نے کہا کہ معتمد داخلہ کو شمالی بنگال روانہ کردیا گیا ہے۔ شمالی بنگال کے ترقیاتی وزیر گوتم دیب نے کہا کہ فوج کی مدد بچاؤ کارروائیوں کیلئے طلب کرلی گئی ہیں۔ کئی ادارہ فی الحال راحت رسانی اور بچاؤ کارروائیوں میں شامل ہیں۔ ذرائع کے بموجب زمین کھسکنے کے کم از کم 25 واقعات کی 3 سب ڈیویژنوں سے اطلاع ملی ہے۔ متاثرہ علاقوں کو ایس ایس بی روانہ کردی گئی ہے۔