کولکتہ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج شہر میں زبردست بارش سے 39 انسانی جانیں ضائع ہو جانے اور تقریباً سات لاکھ افراد بے گھر ہو جانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے متعلقہ عہدہ داروں کو فوری راحت، بچاؤ اور بحالی کی کارروائیوں کی ہدایت دی۔ مہلوکین کے ورثاء کو فی کس چار لاکھ روپئے ادا کرنے کا حکم دیا۔ بارش سے متعلقہ حادثات بجلی گرنے، دیواروں کے انہدام، برقی جھٹکا لگنے، سانپ کاٹنے یا غرق ہو جانے والے افراد کے ورثاء کو فی کس چار لاکھ روپئے معاوضہ ادا کرنے کا اعلان کیا۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ تیز رفتار آندھی سے بھی سیکڑوں مکان زین بوس ہو گئے۔ 58 ہزار مکانوں کو جزوی اور دس ہزار مکانوں کو مکمل طورپر نقصان پہنچا۔ ممتا بنرجی اپنا لندن کا دورہ مختصر کرکے کل مغربی بنگال واپس پہنچ گئی ہیں، کیونکہ سمندری طوفان کا اندیشہ ہے۔ ہوا کے کم دباؤ کی وجہ سے سمندر میں اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں۔