کولکتہ۔ 30 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے ضلع بیربھوم میں تشدد سے متاثرہ موضع مکرا داخل ہونے کی کوشش کرنے والے بی جے پی قائدین کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہاں ہونے والے ڈرامائی واقعات میں پولیس نے بی جے پی کے نائب صدر مختار عباس نقوی کو دیگر پارٹی قائدین کے ساتھ گرفتار کرلیا۔ حکومت مغربی بنگال کی جانب سے سیاست دانوں کے دورہ پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس کارروائی پر بی جے پی نے ترنمول کانگریس حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ اپوزیشن کو اپنی طاقت کے بل پر خاموش کرانے کی کوشش کررہی ہے تاکہ مکرا میں ہونے والے واقعات کی پردہ پوشی کرسکے۔ پولیس نے کہا کہ بی جے پی قائدین کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اس موضع میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے جبکہ یہاں پر دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکام نافذ ہیں۔ اس دوران بی جے پی نے ترنمول کانگریس حکومت پر شدید تنقید کی اور کہا کہ وہ اپوزیشن کو روکنے کے بجائے اپنی طاقت کا استعمال قوم دشمن طاقتوں کو کچلنے کیلئے کرے۔