مغربی بنگال اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر حیدرعزیز صفوی کا انتقال

کولکتہ12دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگا ل اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر حیدر عزیز صفوی کا آج صبح11.30بجے طویل علالت کے بعد انتقال ہوگیا ہے ۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے تعزیت کرتے ہوئے وہ سینئر اور قابل احترا م ساتھی رہے ہیں 80سالہ سابق آئی پی ایس آفیسر حیدر عزیز جنہوں نے ریٹائرڈ منٹ کے بعد ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی تھی گزشتہ مہینے سے بیمار تھے ۔ضیق النفس اور دیگر بیماریوں سے وہ جوجھ رہے تھے تاہم کل شام انہیں اسپتال سے چھٹی دیدی گئی تھی مگر آج صبح اپنی رہائش گاہ پر ان کا انتقال ہوگیا ہے ۔ ممتا بنرجی نے ٹوئیٹ کیا کہ ہمیں اچانک خبر ملی ہے کہ بنگال اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر حیدرعزیز صفوی اب ہمارے درمیان نہیں رہے۔
وہ کافی سینئر اور قابل احترا م شخصیت تھے اور ایک عرصے سے ہم لوگ ساتھ میں کام کررہے تھے ۔ان کا انتقال ہمارے لیے ایک بڑا نقصان ہے ۔ میں ان کے اہل خانہ، دوست و احباب اور حامیوں سے تعزیت کرتی ہوں۔غم کے اس لمحے کوبرداشت کرنا یقینا مشکل ہے مگر ہم اس حقیقت کو قبول کرنے علاوہ کچھ بھی نہیں کرسکتے ہیں۔ حیدر عزیز سینئر پولس آفیسر کے طور پر ریاست کے کئی اہم محکموں کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ان کی شناخت ایماندار اور منظم آفیسر کے طور پر تھی۔2009میں وہ ترنمو ل کانگریس میں شامل ہوئے اور 2011میں پہلی الوبیڑیا مشرقی سے ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر پہلی مرتبہ اسمبلی کیلئے منتخب ہوئے اور ممتا بنرجی کی پہلی کابینہ میں وزیر منتخب ہوئے ۔2016میں بھی اسی سیٹ سے کامیابی ملی اور اس مرتبہ بنگال اسمبلی کا ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا۔