کولکتہ۔/26اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) گڈس اینڈ سرویس ٹیکس ( دستوری ترمیم ) بل پر مباحث کیلئے29اگسٹ کو طلب کردہ مغربی بنگال اسمبلی کا خصوصی اجلاس ملتوی کردیا گیا۔ ریاستی وزیر پارلیمانی اُمور سپرتھا چٹرجی نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ فی الحال یہ مباحث ممکن نہیں ہیں جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی موجودگی میں بزنس اڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں مذکورہ فیصلہ کیا گیا۔ اگرچیکہ گورنمنٹ چیف وہپ نرمل گھوش نے کہا ہے کہ وقت کی تنگی کے باعث فی الحال جی ایس ٹی بل پر مباحث ممکن نہیں ہیں۔ لیکن بی جے پی نے اس فیصلہ کو سیاسی سازش سے تعبیر کیا ہے۔ پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن اسمبلی دلیپ گھوش نے بتایا کہ حکومت کے فیصلہ میں تبدیلی کی وجوہات سمجھنے سے قاصر ہیں۔