نئی دہلی 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت نے ای ڈی کی متنازعہ گوشت کے برآمد کنندہ معین قریشی کی تحویل میں چار دن کی توسیع کردی۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی اطلاع کے بموجب تفتیش کے دوران معین قریشی نے جن جرائم کا انکشاف کیا ہے، اُن کے لئے مالیہ کی فراہمی کے سلسلے کے بارے میں اُس کے دستاویزات کی روشنی میں مزید تفتیش ضروری ہے چنانچہ عدالت سے درخواست کی گئی تھی کہ تحقیقات کے مقصد سے اُس کی ای ڈی کی تحویل میں توسیع کی جائے۔ عدالت نے درخواست قبول کرتے ہوئے معین قریشی کی تحویل میں 26 اگسٹ تک توسیع کردی تھی اور اُسے ای ڈی کی تحویل میں تفصیلی تحقیقات کے لئے دے دیا تھا۔ ادارہ نے آج عدالت سے کہاکہ گواہوں سے جرح کے ذریعہ اُن کے بیانات کی توثیق ضروری ہے کیونکہ معین قریشی کو کروڑوں روپئے کا مالیہ حاصل ہوا تھا چنانچہ عدالت نے تحویل کی تاریخ میں مزید توسیع کردی۔ ای ڈی نے الزام عائد کیاکہ معین قریشی دہلی کے حوالہ آپریٹر پرویز علی ساکن ترکمان گیٹ کے ذریعہ حوالہ کاروبار میں بھی ملوث تھا۔ پرویز علی جنوبی دہلی کے رقومات کی تبدیلی کے ادارہ واقع گریٹر کیلاش سے وابستہ ہے۔