معیشت کے 4 ٹائروں میں سے 3 پنکچر: چدمبرم

پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے مودی حکومت کی غلط پالیسیاں ذمہ دار

نئی دہلی ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم نے پیر کو تیل کی بڑھتی قیمتوں کو لے کر مودی حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ حکومت تیل کی بڑھتی قیمت پر قابو پانے کے لیے اس کو جی ایس ٹی کے تحت کیوں نہیں لاتی؟ انہوں مودی حکومت پر معیشت کو برباد کرنے کا الزام بھی لگایا ہے۔چدمبرم نے کہا کہ موجودہ صورتحال حکومت کی پالیسی اور غلطی کا نتیجہ ہے۔سابق وزیر نے کہا کہ ؛جن چار ٹائروں کی بنیاد پر معیشت کی گاڑی چلتی ہے ان میں سے تین ٹائر؛ایکسپورٹ ،نجی سرمایہ کاری اور کھپت پنکچر ہوچکے ہیں۔یہ صورتحال مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف سرکاری خرچ کی صورت میں ٹائر چل رہا ہے۔ چدمبرم نے زراعت ،جی ڈی پی ،روزگار ،کاروبار اور اقتصادیات کے کچھ دوسرے پیمانوں کو لے کر مودی حکومت کو اپنی تنقید کا نشانہ بنایا۔سابق وزیر نے کہا کہ پیٹرول ،ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے پورے ملک میں غصہ ہے۔پیٹرول -ڈیزل پر چدمبرم نے کہا کہ ؛اگر آپ تیل کو جی ایس ٹی کے اندر لاتے ہیں تو اس کی قیمت کم ہوجائے گی۔مرکز میں بی جے پی کی حکومت ،اکثر ریاستوں میں بھی ان کی حکومت ہے۔ایسے میں ریاستوں پر الزام کیوں لگایا جارہا ہے ؟ ان کے پاس اکثریت ہے ،ان کو تیل کو جی ایس ٹی کے تحت لانا چاہیے۔