معیشت کی صورتحال پر وائٹ پیپر جاری کرنے کا مطالبہ

صرف کابینی رد و بدل سے کوئی فرق نہیں پڑے گا ،کانگریس کا ردعمل
نئی دہلی۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس نے ملک کی اقتصادی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آج کہا کہ اس سلسلے میں سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کا خدشہ درست ثابت ہورہا ہے اور مودی حکومت کو اب معیشت پر وائٹ پیپر جاری کرنا چاہئے ۔ کانگریس کے سینئر ترجمان آنند شرما نے یہاں پریس کانفرنس میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کو ’ماہر اقتصادیات‘ اور وزیر اعظم نریندر مودی کو ’ماہر تشہیر‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماہر اقتصادیات ہونے کی وجہ سے سابق وزیر اعظم نے ملک کی اقتصادی صورتحال کا جو تخمینہ کیا تھا وہ صحیح ثابت ہو گیا لیکن مودی اور ان کے وزراء خراب معیشت کے اعداد و شمار سامنے ہونے کے باوجود معیشت کو اچھی بتا رہے ہیں۔کانگریس نے مودی کابینہ میں ردوبدل کی اطلاعات کے ساتھ ہی کہاکہ غلط اقدامات کے بعد کابینہ میں تبدیلیاں کرنے سے صورتحال بدلنے والی نہیں۔ کسی شخص کو کابینہ سے ہٹانا یا کسی کو کابینہ میں شامل کرنا وزیراعظم کے خصوصی اختیار میں ہے ۔ وہ جنہیں چاہیں اپنی کابینہ میں لائیں یا جسے چاہیں ہٹائیں ، یہ انہیں پر منحصر ہے ۔ لیکن چونکہ بی جے پی میں باصلاحیت افراد کی کمی ہے ، اس لئے اس رد و بدل کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ صرف کابینہ میں رد و بدل سے مودی حکومت پر لگی ناکامیوں کی داغ نہیں ختم ہوگا۔ آنند شرما نے کہا کہ مجموعی دیسی پیداوار (جی ڈی پی) کی شرح گزشتہ چھ سہ ماہی مدتوں سے مسلسل گر رہی ہے ۔ پیداوار گھٹ رہی ہے ، روزگار کے مواقع ختم ہورہے ہیں اور ملک کا اقتصادی منظر نامہ مسلسل تشویش ناک صورتحال کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ سارے اعداد و شمار سب کے سامنے ہیں اور صورتحال تشویشناک ہوچکی ہے ۔