نئی دہلی 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج وزیر اعظم منموہن سنگھ کے اس دعوے کی حمایت کی کہ ہندوستانی معیشت کی بنیادیں طاقتور ہیں اور ملک کو یقین دلایا کہ یہ قوم سرمایہ کاری کیلئے پُر کشش منزل کے طور پر از سر نو ابھر رہی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’جیسا کہ وزیر اعظم نے کل نشاندہی کی ہے کہ ہمارے معاشی بنیادیں بدستور طاقتور ہیں اور ہندوستان سرمایہ کاری کی پُر کشش منزل کے طور پر پھر سے ابھر رہا ہے۔ مجھے یقین ہے آپ کو ہمارے عوام کی قوت مزاحمت اورہماری معیشت کی حرکیاتی صلاحیت پر اعتماد ہے کہ وہ عارضی انحطاط پر قابو پاسکتے ہیں‘‘۔ وہ یہاں سہ روزہ پرواسی بھارتیہ دیوس کے اختتامی سیشن سے مخاطب تھے۔ وزیراعظم ڈاکٹر سنگھ نے کل یہی فورم میں اپنی تقریر کے دوران اسی پہلو کو اُجاگر کیا تھا۔
دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت
طاہر القادری کا خطاب
ممبئی 9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی نژاد اسکالر ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے آج دہشت گردی کی تمام اقسام کی مذمت کی اور کہا کہ جہاد کے نظریہ کو دہشت گردوں نے یرغمال بنا رکھا ہے۔’فتویٰ برائے دہشت گردی اور خودکش بمباریاں‘ کتاب کے مصنف ڈاکٹر قادری نے جو گزشتہ چند برسوں سے پاکستان میں اپنی جان کو خطرے کی وجہ سے کینیڈا میںمقیم ہیں، جنوبی ایشیاء میں امن ،یکجہتی اور ہم آہنگی کے فروغ کیلئے بین مذہبی گول میز کانفرنس میں لائیو ویڈیو رابطے کے ذریعہ کلیدی خطبہ دے رہے تھے۔ انہوں نے مختلف مذہبی کتابوں کے حوالے سے کہا کہ یہ تمام امن اور ہم آہنگی قائم کرنے پر زور دیتے ہیں۔ اس موقع پر شرکاء نے مشترکہ اعلامیہ بھی منظور کیا کہ بین مذہبی امن اور ہم آہنگی کیلئے سارک چارٹر وضع کیا جائے۔