جرائم میں کمی ، مارسرس کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف
حیدرآباد ۔ 22 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : معیاری زندگی کے لیے مناسب شہروں کی فہرست میں ملکی سطح پر حیدرآباد اور پونے پہلے نمبر پر ہیں ۔ مارسرس نامی ایک تحقیقاتی ادارے نے عالمی سطح پر مختلف ملکوں کے شہروں میں سروے کرنے کے بعد معیاری زندگی کے لیے مناسب شہروں کے انتخاب میں اولین نمبر پر شہر حیدرآباد اور پونے کو رکھا ہے ۔ فخریہ بات یہ ہے کہ شہر حیدرآباد مسلسل چوتھی مرتبہ اول نمبر پر آیا ہے ۔ حیدرآباد اول نمبر پر آنے کی مختلف وجوہات میں یہاں جرائم کی کمی ، ساز گار آب و ہوا ہیں تو بہترین رہائشی مکانات اور صارفین کی ضروریات کے مطابق اشیاء کی دستیابی کے اعتبار سے پونے اول نمبر پر ہے ۔ اتنا ہی نہیں حیدرآباد اور پونہ دونوں شہر جدید ٹکنالوجی کے ہب میں تبدیل ہورہے ہیں ۔ مذکورہ دونوں شہروں کے بعد بنگلور ، چینائی ، ممبئی ، کولکاتہ اور دہلی میں عالمی شہروں کی فہرست کے اعتبار سے 142 ویں نمبر پر ہے ۔ عالمی سطح پر 450 شہروں کا سروے کرنے پر آسٹریلیا کا صدر مقام ویانا پہلے نمبر پر ہے اور اس سروے میں شہر میں پیدا ہونے والے کچرے کی نکاسی ، ڈرینج کی صفائی ، متعدی بیماریوں کے تناسب ، فضائی آلودگی وغیرہ کا بھی جائزہ لیا گیا اس مناسبت سے عالمی سطح پر بنگلور 194 ، چینائی 199 ، پونہ 206 ، حیدرآباد 209 ، نئی دہلی 228 اور کولکتہ 227 ویں نمبرات پر آئے ہیں ۔ تحقیقاتی ادارے نے بتایا کہ معیاری زندگی کے لیے شہروں میں موجود ہوائی سفر ، روڈ ٹرانسپورٹ اور کمیونیکیشن کی وافر مقدار میں سہولیات کو بنیاد بنایا گیا ہے اور اس سروے رپورٹ کو مارسرس گلوبل موبلیٹی انڈیا پراکٹس لیڈر پدما راما ناتھ نے جاری کیا ۔۔